نیوزی لینڈ کیخلاف شکست سے بہت کچھ سیکھا: فہیم اشرف

Published On 02 January,2021 08:29 am

کرائسٹ چرچ: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی شکست سے بہت کچھ سیکھا مگر اب غلطیاں دہرائے بغیر دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ہیگلے اوول گراؤنڈ پر بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔

گزشتہ روز کرائسٹ چرچ میں پہلے ٹریننگ سیشن کے دوران فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ کیویز کیخلاف دوسرا ٹیسٹ ایک نیا میچ اور بالکل نیا دن ہوگا اور چونکہ کرائسٹ چرچ کی کنڈیشنز ماؤنٹ مانگانوئی سے مختلف ہیں اور کھلاڑیوں نے اسی لحاظ سے خود کو تیار کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بھرپور ٹریننگ سیشن کیا جس میں بابراعظم بھی شامل تھے جن کی فٹنس پر کوچنگ سٹاف نے کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے اور انہیں نیٹ میں بیٹنگ کا موقع دیا جا رہا ہے۔ قومی باؤلنگ کوچ وقار یونس نے باؤلرز کو بھی خصوصی ہدایات اور مشورے دیئے اور واضح کیا کہ حریف کو دباؤ کے عالم میں کھلانا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
 

Advertisement