ناکامی کے باوجود کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں: فواد عالم

Published On 02 January,2021 08:24 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور بھرپور توقع ہے کہ میزبان ٹیم کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شکست سے دوچار کر کے دو میچوں کی سیریز کا اختتام برابری پر کریں گے۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ کیوی ٹیم کیخلاف دوسرے میچ میں کامیابی کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے جس کے مطابق میدان میں اتر کر مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ پہلے ٹیسٹ کی ناکامی کا مداوا کیا جا سکے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ نیوزی لینڈ نے ماؤنٹ مانگانوئی میں پاکستان سے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی لیکن اس بات سے بھی انکار ممکن نہیں کہ قسمت نے گرین شرٹس کا ساتھ نہیں دیا، کوشش ہے کہ آئندہ معرکے میں زیادہ بہتر کھیل پیش کیا جائے جبکہ بابر اعظم کی واپسی سے بیٹنگ لائن کو مزید تقویت حاصل ہو جائیگی۔

پی سی بی ایوارڈ کے حصول پر فواد عالم کا کہنا تھا کہ انہیں بہت زیادہ خوشی ہے کہ سال کی بہترین انفرادی کارکردگی کیلئے منتخب ہوئے جبکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ان کی لگاتار محنت کارآمد ثابت ہوئی ہے جس کی بدولت انہیں آئندہ بھی بہترین کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا رہے گا۔
 

Advertisement