ماؤنٹ منگنوئی: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹی 20 کے بعد ٹیسٹ کے امتحان میں بھی فیل، ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے 101 رنز سے شکست دیدی، کیویز کو ٹیسٹ سیریز میں قومی شاہینوں پر 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
پاکستان نیوزی لینڈ کا 373 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، پوری ٹیم 271 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ فواد عالم کی 11 سال کی واپسی کے بعد شاندار سنچری بھی رائیگاں رہی، انہوں نے 102 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 60، اظہر علی 38، حارث سہیل نے 9 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز شان مسعود اور عابد علی صفر پر آوٹ، یاسر شاہ بھی صفر پر میدان بدر ہوئے۔
گزشتہ روز 373 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کیلئے قومی بلے باز اِن ایکشن ہوئے، دن کے اختتام پر قومی ٹیم نے تین وکٹ پر 71 رنز بنائے تھے، اس سے قبل کیویز نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز کا اضافہ کیا اور اننگز ڈکلیئر کر دی۔
ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کے تیسرے روز قومی ٹیم 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں ہی 192 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز 30 رنز اور ایک وکٹ کے نقصان پر پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاہینوں کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرنے لگیں، اس دوران بارش کے باعث کھیل بار بار متاثر ہوا۔ عابد علی نے کریز پر قدم جمانے کی کوشش کی تاہم صرف 25 رنز دے سکے، انہیں جیمیسن نے شکار کیا، ان کے بعد محمد عباس 5 ، اظہر علی بھی 5، حارث سہیل 3 اور فواد اسلم 9 رنز پر کیویز فیلڈرز کو کیچ پکڑاتے اور پویلین واپس لوٹتے رہے۔
کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، فہیم اشرف کی شراکت داری میں کیویز کیخلاف مزاحمت دکھائی اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 71 رنز بنائے۔ فہیم نے بھی ہمت کی اور 91 سکور کئے تاہم یاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے بھی دیگر بلے بازوں کی طرح خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بالترتیب 4 اور 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پوری ٹیم 239 کے مجموعی سکور پر آوٹ ہو گئی۔
ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم کے 431 رنز کے جواب میں پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا تھا، شان نے کارکردگی دکھائے بنا جلد ہی واپسی اختیار کی اور صرف 10 رنز بنائے۔ بولر یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے بیٹسمین نے وکٹ پر ٹھہر کر اسکور کیا، ہمارے بلے بازوں کو بھی وکٹ پر ٹھہرنا ہو گا، کرکٹ میں کیچ ڈراپ بھی ہوتے ہیں۔
اس سے قبل کیویز نے کھیل کے آغاز پر 222 رنز اور 3 وکٹوں کے نقصان سے اننگز کا تسلسل جوڑا تو 209 رنز اضافے کے دوران باقی 7 بھی وکٹیں گنوا لیں۔ ولیمسن 129، بی جے والٹنگ 73، روز ٹیلر 70 اور ہینری نکلولز 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
شاہین آفریدی نے 109 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ نے 113 رنز کے عوض 3 کیویز بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ، محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔