کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہو گیا، نیوزی لینڈ نے 659 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی، پاکستان نے ایک وکٹ پر 8 رنز بنا لیے، کیویز برتری ختم کرنے کے لیے مزید 354 رنز درکار ہیں۔
سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان نیوزی لینڈ نے 286 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز شروع کی، کپتان کین ولیمسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ بڑا سہارا بنی، انہوں نے ٹیسٹ کیرئر کی چوتھی ڈبل سنچری اسکور کی، وہ 238 رنز کے ساتھ اننگز اور مجموعی طور پاکستان کے خلاف ٹاپ اسکورر کیوی بلے باز بن گئے۔
ہنری نکولس کے 157 اور ڈارئل مچل کے ناٹ آؤٹ 102 رنز کی بدولت چھ وکٹ پر ٹوٹل جب چھ سو انسٹھ رنز تک پہنچا تو اننگز ڈکلیئر کر دی گئی۔
تین سو باسٹھ رنز کے خسارے سے قومی بلے باز دوسری اننگز میں اِن ایکشن ہوئے، اوپنر شان مسعود پھر ناکام، بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ پر آٹھ رنز بنا لیے، قومی ٹیم کو کیوی برتری ختم کرنے کےلیے مزید تین سو چون رنز بنانا ہوں گے۔ اوپنر عابد علی 7 ، نائٹ واچ مین محمد عباس ایک رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔