کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 176 رنز کی بدترین شکست ہو گئی، 362 رنز خسارے کا شکار قومی شاہین دوسری اننگز میں 186 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ کیویز کا کلین سویپ، سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔
کیویز کے دیس وہی ہوا جس کا ڈر تھا، کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی297 کے جواب میں کیویز کے 659 رنز کا پہاڑ سامنے تھا، دوسری اننگز میں 362 رنز کے خسارے کی شکار قومی ٹیم نے آٹھ رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے چوتھے روز کا کھیل شروع کیا۔
اوپنر شان ایک بار پھر ناکام رہے، بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، صفر پر آؤٹ ہونے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اظہر علی 37، فہیم اشرف 28، عابد علی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم 16، حارث سہیل 15، کپتان محمد رضوان کی 10 پر ہی بس ہو گئی۔
ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے ظفر گوہر نے37 رنز تک کچھ ہمت دکھائی، یوں پوری ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان محمد رضوان نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے تمام شعبوں میں ناقص کارکردگی کا اعتراف کیا اور شکست پر مایوس نظر آئے۔
اننگز اور ایک سو چھہتر رنز کی شکست سے دو میچز کی سیریز میں کلین سویپ کرنے والے کپتان کین ولیمسن مین آف دی سیریز قرار پائے جبکہ گیارہ وکٹوں کے ساتھ کائل جیمیسن پلیئر آف دی میچ بن گئے، کیویز ٹیسٹ رینکنگ میں بھی نمبر ون بن گئے۔