پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی تجدید تاخیر کا شکار

Published On 04 February,2021 04:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی تجدید تاخیر کا شکار ہوگئی-ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو تاحال حتمی شکل نہ دی جاسکی-دونوں ممالک کی جانب سے ترجیحی تجارتی معاہدے کو بھی حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔

وزارت تجارت ذرائع کے مطابق پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ آئندہ ہفتے گیارہ فروری کو ختم ہورہا ہے اور ابھی تک دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کا نیا معاہدہ نہیں ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق افغانستان,پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی کے آئندہ اجلاس کی تاریخ بھی ابھی تک طے نہیں ہوسکی-اس سے قبل مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے جنوری دو ہزار اکیس کے اختتام تک ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے معاہدہ ہونے کی توقع ظاہر کی تھی۔

حکام وزارت تجارت کے مطابق دونوں ممالک نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی تجدید کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاہم اس حوالے سے آئندہ اجلاس کے تاریخ اور مقام کا تعین اتفاق رائے سے ہوگا،حکام کے مطابق پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی تجدید کیلئے تعمیری بات چیت ہورہی ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے معاہدے کے مجوزہ مسودہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یاد رہے کہ افغان,پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوارڈی نیشن اتھارٹی کا آخری اجلاس گذشتہ سال 28 سے 30 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوا تھاجس میں افغان وفد کی قیادت افغان وزیر صنعت تجارت نے کی تھی۔
 

Advertisement