اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کو تیزی سے پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعے ابھی تک 48کروڑ ڈالر ملک بھیجے گئے ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک نے حبیب میٹرو بینک کی روشن ڈیجیٹل اکاونٹ لانچینگ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ 97ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے 86ہزار روشن ڈیجیٹل اکاونٹس بن چکے ہیں۔ ان اکاونٹس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی ریئل اسٹیٹ ، کیپیٹل مارکیٹ ، اور حکومتی سرٹیفیکٹس میں سرمایہ کاری کئے ہوئے ہیں ۔
ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہمیشہ سے تجارتی خسارے کا سامنا رہا جس کے باعث کرنٹ اکاونٹ خسارے میں رہا اور ملک کو اربوں ڈالر دیگر زرائع سے جمع کرنا پڑتے تھے۔ لیکن آج 6ماہ سے کرنٹ اکاونٹ سرپلس ہے ۔ ایکسچینج ریٹ کو مارکٹ بیس کیا جس کے باعث ڈالر مستحکم ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نئے ایکسچینج ریٹ کے سسٹم نے بڑا عالمی مالیاتی بحران اور کووڈ کے مسائل کو بخوبی گزار لیا۔ آج ڈالر 159روپے کےلگ بھگ مستحکم ہے جو کووڈ سے پہلے 154روپے پر بھی گیا۔