معاشی میدان میں خواتین کا کردار بڑھایا جائے گا: گورنر اسٹیٹ بینک

Published On 09 March,2021 09:39 am

کراچی:(روزنامہ دنیا)گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک اپنی جامع قومی مالی شمولیتی حکمت عملی (این ایف آئی ایس)کے تحت خواتین کی مالی شمولیت کو ترجیح دینے کیلئے اقدامات کر رہا ہے اور جلد ہی ’’برابری پر بینکاری ‘‘کے نام سے صنفی مساوات کی ایک اختراعی پالیسی کا آغاز کریگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹررضا باقر خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بالعموم تمام خواتین اور بالخصوص اسٹیٹ بینک اور اس کے ذیلی اداروں میں خواتین کے کردار کو سراہنے کیلئے اسٹیٹ بینک کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ،گورنر اسٹیٹ بینک نے اپنے افتتاحی کلمات میں ان خواتین کے تمام اچھے کاموں کو سراہا جو اسٹیٹ بینک اور اس کی ذیلی اداروں کا حصہ ہیں، ا نہوں نے معیشت اور معاشرے کی تشکیل اور استحکام میں پاکستانی خواتین کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔

ڈاکٹر رضا باقر نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک میں پائیدار اور جامع معاشی نمو کیلئے مالی اور پیشہ ورانہ کوششوں تک رسائی اور ان کے حصول کے ضمن میں خواتین اور مردوں کیلئے یکساں مواقع کو فروغ دینا بہت ضروری ہے ،پاکستان میں صرف 29 فیصد خواتین کا بینک اکاؤنٹ ہے جو دنیا میں سب سے پست شرح میں شامل ہے ،ا نہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس تفاوت نے پاکستان کی قومی معاشی ترقی کو شدید متاثر کیا ہے۔
 

Advertisement