کوئٹہ: رواں سال بارش نہ ہونے کے سبب زرعی شعبہ متاثر، خشک سالی کا خدشہ

Published On 09 March,2021 10:10 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں رواں سال برفباری اور بارش نہ ہونے کے سبب زراعت کا شعبہ شدید نقصان سے دوچار ہے جس کی وجہ سے پہلے سے جاری خشک سالی میں بھی اضافہ ہو گا، زمیندار کی پریشانیاں مزید بڑھ گئیں۔

پھلوں کی ٹوکری بلوچستان کو بارش اور برفباری نہ ہونے کےسبب خشک سالی کا سامنا ہے۔ 2020 میں صوبے میں ریکارڈ بارش اور برفباری ہوئی مگر رواں سیزن نہ برفباری اور نہ ہی بارش ہوئی۔ بلوچستان میں انگور، سیب، آلوبخارا، چیری اور دیگر پھلوں کے باغات لاکھوں ایکڑ رقبے پرمحیط ہیں جن کے لئے موسم سرما میں برفباری کے ساتھ بارش ضروری ہے مگررواں سال برفباری اوربارش نہ ہونے کے سبب باغات کو مطلوبہ مقدارمیں پانی نہیں ملا جو زمینداروں کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔

برفباری اور بارش نہ ہونے وجہ سے سردعلاقوں کے باغات کو وہ سرد ماحول بھی نہیں مل سکا جو پھلوں کی پیدوار اورذائقے کےلئےلازمی ہے، جس کے باعث رواں پھلوں کی پیداوار بہت کم ہونےکاخدشہ ہے۔

ماہرین زراعت کا کہنا ہے کہ زراعت کی تباہی اپنی جگہ مگر بلوچستان کے اکثر علاقوں میں زیر زمین پانی کےذخائرکا دارومدار بھی برفباری اور بارش کے پانی پرہے۔
 

Advertisement