گزشتہ دو سالوں کے دوران اسٹیشنری کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، والدین شدید پریشان

Published On 26 February,2021 09:48 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) گزشتہ دو سالوں کے دوران جہاں ضروریات زندگی کی ہر چیز کی قیمت آسمان کو پہنچی وہیں اسٹیشنری کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا، تعلیمی سال کے آغاز سے قبل جہاں بچوں کو نئی کتابیں اور دیگر اشیا خریدنے کی خوشی ہے وہیں والدین مہنگائی کا رونا روتے دکھائی دے رہے ہیں۔

بلوچستان میں کورونا صورتحال اور موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد اسکول کھلنے میں چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں، بچوں کو چھٹیاں ختم ہونے کا تھوڑا دکھ تو ہے لیکن ساتھ میں نئی کتابیں، اسکول بیگ اور دیگر اشیاء خریدنے کی خوشی بھی ہے۔ اسٹیشنریز میں بچے اپنی من پسند اشیاء خریدنے میں مصروف ہیں۔

اس کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث اسکول تقریبا ایک سال بند رہے جس کی وجہ سے معاشی بحران کا سامنا رہا جبکہ رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کر دی۔

ملک میں گزشتہ چند سالوں کے دوران بنیادی ضروریات کی اشیاء سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا وہیں غریب عوام کے لیے بچوں کو تعلیم دلانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے جس کی جانب حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔