کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں ایک بار پھر بلندیوں پر پہنچ گئیں، شہر کے اکثر علاقوں میں وائٹ میٹ کے نرخ 400 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے ہیں، قیمتیں بڑھنے سے شہری اور دکاندار دونوں ہی پریشانی کا شکار ہیں۔
مٹن اور بیف تو غریب آدمی کی پہنچ سے پہلے ہی دور نکل چکے ہیں، جس کے بعد غریبوں کے لیے پروٹین حاصل کرنے کا واحد سہارا مرغی کا گوشت ہی رہ گیا تھا لیکن اب لگتا ہے کہ یہ وائٹ میٹ بھی غریب عوام خریدنے سے محروم رہ جائیں گے۔
کوئٹہ شہر میں موسم سرما کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمتیں اکثر بڑھ جاتی ہیں مگر سال کے آغاز کے ساتھ ہی 300 سے 350 پھر 370 اور اب برائلر گوشت کے نرخ 400 روپے فی کلو تک پہنچ چکے ہیں جس کی وجہ سے یہ بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہو گیا۔ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے بھی قیمتیں بڑھنے سے پریشان دکھائی دے رہے ہیں، کہتے ہیں کہ مرغی کے نرخ بڑھنے سے کاروبار بھی بہت کم ہو گیا ہے۔
آٹا، چینی، کوکنگ آئل سمیت ضروریات زندگی کی ہر شے کی قیمتیں بڑھنے کے بعد مرغی کا گوشت بھی غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے، عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے حکومتی دعوے محض دعوے ہی ثابت ہو رہے ہیں اور ذخیرہ اندوزوں سمیت فائدہ اٹھانے والے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں مگر پوچھنے والا کوئی نہیں۔