سٹاک مارکیٹ میں 181.96 پوائنٹس کی تیزی، اربوں روپے کا فائدہ

Published On 25 March,2021 04:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 181.96 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سرمایہ کار ایک مرتبہ پھر سٹاک مارکیٹ میں دلچسپی لینے لگے، جس کے باعث 100 انڈیکس میں زبردست تیزی کا تسلسل ایک مرتبہ پھر چل رہا ہے، رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران ٹریڈنگ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔

آج صبح دس بجے تک انڈیکس میں 313.04 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، تیزی کے تسلسل کے دوران ٹریڈنگ کی 46 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔ ٹریڈنگ کے دوران کاروبار میں 450 سے زائد پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا اختتام 181.96 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا اور انڈیکس 45726.16 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.4 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 29 کروڑ 24 لاکھ 87 ہزار 850 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 25ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
 

Advertisement