کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام شروع کئے جانے کے بعد سمندر پار پاکستانیوں نے ملک میں مسلسل ڈالر بھیجنے کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سمندر پار پاکستانیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت مارچ کے دوران 212 ملین ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
A big thanks to our Overseas Pakistanis! #RoshanDigitalAccount deposits have crossed $800mn, after an inflow of $212mn in March. Inflows have been accelerating every month since the RDA launch in September 2020. To learn more about RDA, visit https://t.co/VFN8sp3BBY pic.twitter.com/GyNnATKilp
— SBP (@StateBank_Pak) April 1, 2021
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال ستمبر سے لے کر اب تک ان 7 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں نے 800 ملین ڈالر کی خطیر رقم بھیج کر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کیا۔
یاد رہے کہ ستمبر 2020ء کے دوران پاکستان نے ایک ایسی ہی سہولت متعارف کرائی تھی جس کے بعد آپ امریکا، کینیڈا یا دبئی میں بیٹھ کر بھی کراچی، لاہور یا اسلام آباد میں اپنے گھروں کے بجلی کے بل اور بچوں کی فیس جمع کرا سکتے ہیں۔ یعنی اب آپ سمندر پار بیٹھ کر بھی پاکستان میں اپنے گھر کے مالی معاملات خود چلا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے دس ستمبر 2020ء کو بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں ملک کے اندر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا کہا ہے۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے اب ’نان ریذیڈنٹ پاکستانی‘ یا بیرون ملک مقیم پاکستانی بینک برانچ، سفارتخانے یا قونصلیٹ جائے بغیر ڈیجیٹل اور آن لائن طریقے سے اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔ یہ عمل صرف 48 گھنٹوں میں مکمل ہو سکے گا۔
صارفین اپنے اکاﺅنٹ کے لیے فارن کرنسی یا پاکستانی روپے یا دونوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ان اکاﺅنٹس میں فنڈز مکمل طور پر واپس منتقل ہو سکیں گے اور اس کے لیے کسی ریگولیٹری منظوری کی ضرورت نہیں ہو گی۔
خیال رہے کہ اس وقت 90 لاکھ کے قریب پاکستانی بیرون ملک رہ رہے ہیں اور وہ سالانہ اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے 23 بلین ڈالر ترسیلات زر پاکستان بھیجتے ہیں۔ اب اس روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے حکومت کے خیال میں ترسیلات میں مزید اضافہ ہو گا جس سے قرضوں کا بوجھ بھی کم ہو سکے گا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایسے آٹھ پاکستانی کمرشل بینکوں سے مل کر بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا نظام متعارف کرایا ہے۔
اکاؤنٹ کھلوانے کا طریقہ کار بتانے سے قبل ان آٹھ بینکوں کا نام جاننا ضروری ہے جہاں آپ گھر بیٹھے اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں۔
اکاؤنٹ کیسے کھلوا سکتے ہیں؟
بینک کا انتخاب: سب سے پہلے ان آٹھ بینکوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔
فارم پر کریں: اس بینک کی ویب سائٹ پر جا کر اکاؤنٹ کھولنے سے متعلق ڈیجیٹل فارم پر کلک کریں اور اسے پُر کریں۔
اکاؤنٹ ٹائپ: اس کے بعد آپ کو اپنے اکاؤنٹ کی قسم کا انتخاب کرنا ہو گا کہ آپ اس اکاؤنٹ کو پاکستانی کرنسی میں کھلوانا چاہتے ہیں یا یہ کسی دوسرے ملک کی کرنسی آپ کی ترجیح ہے۔
دستاویزی ثبوت: بینک آپ سے آپ کے پاسپورٹ، شناختی کارڈ، بیرون ملک رہنے کا ثبوت اور ذریعہ آمدن یعنی کاروبار یا ملازمت کے بارے میں دریافت کرے گا۔ اس کے لیے آپ کو ان دستاویزات کی سکینڈ کاپی اپ لوڈ کرنا ہو گی۔
ذریعہ آمدن کا ثبوت: اگر آپ ملازمت پیشہ ہیں تو پھر آپ کو سیلری سلپ یا ملازمت کے سرٹیفیکیٹ کی سکینڈ کاپی اپ لوڈ کرنا ہو گی۔ اگر آپ تاجر ہیں تو پھر آپ کے لیے ٹیکس ریٹرن، مکان کا کرایہ نامہ یا ذریعہ آمدن کا کوئی اور ثبوت پیش کرنا ہو گا۔
تصدیقی پیغام: یہ سب کرنے کے بعد اب آپ 48 گھنٹوں کے اندر اکاؤنٹ کھل جانے سے متعلق تصدیقی پیغام کا انتظار کریں۔
رقوم کی منتقلی: بینک اکاؤنٹ کھل جانے کے بعد آپ جس ملک میں ہیں وہاں سے بینک کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ میں فنڈز ٹرانسفر کر سکتے ہیں۔