اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جنرل سیلز ٹیکس کے امور میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی اور صوبائی ٹیکس حکام اصلاحات اور ٹیکس امور میں بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیر خزانہ حماد اظہر سے ورلڈ بنک کے نائب صدر نے ورچوئل ملاقات کی۔ وفاقی وزراء خسرو بختیار، عمر ایوب، گورنر سٹیٹ بنک، معاون خصوصی تابش گوہر و دیگر شریک تھے۔
وزیر توانائی اور معاون خصوصی نے پاور سیکٹر میں بہتری کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وزیر اقتصادی امور نے سوشل پروٹیکشن اور دیگر شعبوں میں بنک کے تعاون کو سراہا۔
عالمی بنک کے نائب صدر نے کورونا کے اثرات سے تحفظ کیلئے حکومت کی کاوشوں کی تعریف کی۔ نائب صدر نے پاکستان کے لیے تنظیمی اصلاحات سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا کہ حکومت سٹرکچرل اصلاحات کے اطلاق اور سوشل سیفٹی کیلئے عمل پیرا ہے، ورلڈ بنک کے گورننس اور تنظیمی اصلاحات کے ذریعے سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تعاون پر شکر گذار ہیں۔