انٹربینک میں ڈالر 8 پیسے سستا، 152 روپے 94 پیسے پر بند

Published On 09 April,2021 04:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک میں ڈالر 8 پیسے سستا ہو کر 152 روپے 94 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے کمی سے 153 روپے 30 پیسے پر فروخت ہوتے دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 4.09 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ اضافہ یکم جنوری تا 31 مارچ 2021ء کے دوران ہوا۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق آج انٹربینک میں ایک یورو کی قیمت 181.78 روپے، برطانوی پاؤنڈ 209.65، جاپانی ین 1.39 اور سعودی ریال 40.78 روپے میں فروخت ہوا۔

روپے کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ ، جاپانی ین اور سعودی ریال سمیت دیگر کرنسیوں کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئی تاہم یورو کی قدر میں اوسطاً 24 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔ 

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران مختلف ذرائع سے وصول ہونے والے زرمبادلہ اور ڈالرز کی انتہائی کم بیرون ملک منتقلی کے نتیجہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں نمایاں استحکام ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی عرصہ کے دوران کینیڈین ڈالر کی قدر میں 1.09 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں 1.25 کینیڈین ڈالر ایک امریکی ڈالر کے مساوی ہو گئے ہیں۔

اسی طرح برطانیہ کے پائونڈ کی قیمت میں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں 0.64 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے برطانیہ کی کرنسی میں استحکام کے نتیجہ میں برطانوی پاؤنڈ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔