پنجاب حکومت کی رمضان بازاروں میں آٹے پر 242 کروڑ، چینی پر 54 کروڑ کی سبسڈی

Published On 13 April,2021 09:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کا ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دینے کا بڑا پلان، رمضان بازاروں میں آٹے پر 242 کروڑ روپے اور چینی پر 54 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی، رواں سال صرف درجہ اول کی سبزیاں اور پھل فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایک سال کے وقفے کے بعد پنجاب بھر میں رمضان بازار پھر فعال، رواں سال رمضان بازاروں کی تعداد 313 کر دی گئی ہے۔ محکمہ انڈسٹری نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے رمضان پیکیج فائنل کر لیا۔ سستے رمضان بازاروں میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 375 روپے میں فروخت کرنےکی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ چینی 65 روپے فی کلو بیچنے کا پلان ہے۔

گھی اور کوکنگ آئل مارکیٹ سے10روپے فی کلو سستا، مرغی کے گوشت پر 10 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔ انڈے فی درجن 5 روپے سستے ملیں گے۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں ڈی سی ریٹ سے 25 فیصد کم ہوں گی۔

پنجاب حکومت رمضان بازاروں میں آٹے پر 242 کروڑ روپے اور چینی پر 54 کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی۔ عوام کا کہنا ہے کہ رمضان بازار لگانے کا مقصد تب ہی پورا ہو گا جب سبسڈی والی اشیا وافر اور بہترین معیار کی دستیاب ہوں گی۔

ڈی جی انڈسٹریز رانا عبدالشکور کا کہنا ہے کہ رمضان بازاروں میں اس بار سبزیاں اور پھل صرف درجہ اول کے ہی فروخت کیے جائیں گے۔ محکمہ انڈسٹری کے حکام کا کہنا ہے کہ عید کے قریب یہ رمضان بازار عید بازار اور عید کے بعد سہولت بازار میں بدل دئیے جائیں گے۔

 

Advertisement