آئندہ تین سال کیلئے بجٹ حکمت عملی تیار، معاشی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد رکھا جائے گا

Published On 21 April,2021 03:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئندہ تین سال کے لیے بجٹ حکمت عملی تیار کر لی گئی۔ معاشی ترقی کا ہدف چار اعشاریہ دو فیصد رکھا جائے گا۔

آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ کی تیاریاں جاری، معیشت کا حجم 52 ہزار 462 ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، معاشی ترقی کا ہدف چار اعشاریہ دو فیصد رکھے جانے کا امکان ہے۔

دستاویزات کے مطابق مالی سال 2022-23 میں معاشی ترقی کا ہدف 4.6 فیصد جبکہ 2023-24 میں 5.1 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 8 فیصد، 2022-23 میں 6.8 فیصد اور 2023-24 میں 6.5 رہنے کی توقع ہے۔

آئندہ مالی سال بجٹ خسارہ 6 فیصد رہے گا یوں 3154 ارب روپے خسارے کی نذر ہوجائیں گے۔