اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اب قسطوں پر گاڑی خریدنا بہت آسان

Published On 29 April,2021 04:26 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ روشن ڈیجٹیل اکاؤنٹ سے اوورسیز پاکستانی کسی کو بھی گاڑی خرید کر دے سکتے ہیں، ہم نے ان کیلئے ٹیکسیشن کو آسان بنا دیا ہے۔

یہ خوشخبری انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے دی۔ اس تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر اطلاعات فواد چودھری، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری اور معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔

گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ہماری شروع سے ہی کوشش تھی کہ روشن ڈیجیٹل پاکستان کو آسان سے آسان بنایا جائے۔ اس پلیٹ فارم سے ہم نے نئے آئیڈیاز لانے ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ فنانشل سسٹم کو ایسے بدلنا ہے کہ عام آدمی کو فائدہ پہنچے۔ وزیر اعظم چاہتے ہیں عام آدمی کے لیے گھر بنانا ممکن ہو۔ عام آدمی کو قسطوں میں گھر فراہم کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی باآسانی رقم جمع کرا سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ٹیکس نظام میں آسانیاں پیدا کیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا وزیراعظم کا وژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل پاکستان کے تحت نئے منصوبے لائیں گے۔ روشن برینڈ کے تحت اپنی کار اہم منصوبہ ہے۔ روشن سماجی خدمت وزیراعظم کے وژن کا عکاس ہے۔