آئی پی پیز کو 90 ارب روپے کی پہلی قسط کے اجراء کی منظوری

Published On 05 May,2021 05:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے آئی پی پیز کو پہلی قسط کے اجراء کی منظوری دیدی۔47 آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز کی مد میں 90 ارب روپے دیئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں نجی بجلی گھروں کی پہلی قسط کی ادائیگی سمیت اہم گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں نجی بجلی گھروں کو پہلی قسط کی صورت میں 90 ارب روپے جاری کی منظوری دی گئی جبکہ 60 ارب روپے کی ادائیگیوں کے کیس نیب میں ہیں، جو فیصلےکے بعد جاری ہوں گے۔

اس موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 1 ارب 80 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ این ڈی ایم اے اس رقم سے آکسیجن اور اس کی تیاری سے متعلقہ سامان درآمد کرے گا ۔

ای سی سی اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے 57 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ وزارت دفاع، پٹرولیم ڈویژن اور دیگر کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کے لیے 1 ارب 56 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
 

Advertisement