سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز زبردست تیزی، اربوں روپے کا فائدہ

Published On 05 May,2021 04:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 380.02 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال ختم ہونے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی آنے لگی، صبح کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا جس کا تسلسل کاروبار کے اختتام تک دیکھنے کو ملا۔

کاروبار کے دوران ایک موقع پر 45 ہزار کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی تھی اور انڈیکس 45173.61 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 380.02 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا۔ اور انڈیکس 44943.61 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران 0.85 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 12 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 703 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔
 

Advertisement