سریا، سیمنٹ اور سینٹری سمیت تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافہ

Published On 10 June,2021 09:44 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) سریا، ریت، بجری، سیمنٹ، سنیٹری، لکڑی اور آرائشی مصنوعات کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے لگے، تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں 50 سے 100 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔

موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ سفید پوش افراد کو ذاتی رہائش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بنک سے آسان اقساط پر قرضے ملیں گے اور کنسٹرکشن انڈسٹری کو ریلیف دیا جائے گا تاکہ غریب عوام کا اپنے گھر کا خواب پورا ہو سکے مگر ایسا دکھائی نہیں دے رہا۔

کوئٹہ میں 6 ماہ کے دوران سریا 30 ہزار کے اضافے سے ایک لاکھ 45 ہزار روپے ٹن، سمینٹ 80 روپے کے اضافے سے 650 روپے بوری، اینٹ 300 کے اضافے سے 12سو روپے سینکڑا، ریت کا ڈمپر 4 ہزار کے اضافے سے 18 ہزار، بجری کا لوڈ 2 ہزار کے اضافے سے 15 ہزار تک پہنچ چکا ہے۔

دیگر تعمیرااتی سامان کے 30 سے 70 فیصد تک مہنگا ہونے سے اپنا گھر بنانے والوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ مقامی تاجروں اور کارخانہ داروں کا موقف ہے کہ مہنگائی کی اہم وجہ ٹیکسزمیں بے تحاشہ اضافہ ہے۔

تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ افراد کا موقف ہے کہ حکومت ٹیکسز کو ختم کرے تا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری ترقی کر سکے اور عوام کو اپنا گھربنانے میں آسانی ہو۔
 

Advertisement