نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 28 پیسے کمی کی منظوری دے دی

Published On 29 June,2021 10:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 28 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔ صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں 3 ارب 60 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

 نیپرا میں مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 12 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت ہوئی، نیپرا نے بجلی 28 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دی تاہم اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ اور نوٹفیکیشن آئندہ چند روز میں جاری کیا جائے گا۔

دوران سماعت نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ مئی میں کم صلاحیت والے پاور پلانٹس چلائے گئے، مئی میں پاور سیکٹر کو 800 کے مقابلے میں 600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی گئی۔ نیپرا حکام نے کہا کہ سسٹم کے نقائص اور کم صلاحیت والے پلانٹس چلانے کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالنا چاہیے۔

چیئرمین نیپرا نے ترسیلی نظام میں خرابیوں پر این ٹی ڈی سی پر برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاور پلانٹس لگاتے وقت کیا این ٹی ڈی سی سویا ہوا تھا ؟ جب حکومت پاور پلانٹس لگا رہی تھی تو ترسیلی نظام کی طرف توجہ کیوں نہیں دلائی گئی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے فیول فراہمی کے معاملے پر نیپرا کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، ایل این جی ٹرمینل کی مرمت کے لیے بندش کا معاملہ توانائی کمیٹی میں آیا تھا۔ فیول کی فراہمی کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کوشش ہوگی کہ صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

 

Advertisement