کوئٹہ: نانبائیوں نے روٹی کا وزن بڑھا کر قیمت میں 5 روپے کا خودساختہ اضافہ کر دیا

Published On 29 June,2021 01:48 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں نانبائیوں نے روٹی کا وزن بڑھا کر قیمت میں 5 روپے کا خود ساختہ اضافہ کر دیا، قیمت میں اضافے سے شہریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔

کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث تندور مالکان نے 5 روپے اضافے کے ساتھ 25 روپے میں روٹی فروخت کررہے ہیں۔ تندور مالکان اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان وزن اور ریٹ فکس ہو گیا ہے۔ شہر میں شہری اور دکاندار ہی نہیں دیہاڑی دار طبقہ بھی روٹی بازار سے ہی خرید کر اپنا پیٹ بھرتا ہے مگر اس میں اضافہ ہوا تو غریب عوام کی پریشانی بھی بڑھ گئی ہے ۔

تندور مالکان کا کہنا ہے کہ آٹے کی 50 کلو کی بوری 32 سو اور 100 کلو والی بوری 5 ہزار سے بڑھ کر 6 ہزار 2 سو ہوگئی ہے۔ ایسے میں 20 روپے میں روٹی فروخت کرنے سے انھیں نقصان ہو رہا ہے اور گیس پریشر کم ہونے کے باعث سلنڈر کا الگ خرچا بھی ہوتا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ روٹی کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لے تاکہ نانبائیوں کی من مانیاں ختم ہو سکیں اور غریب مزدور ایک وقت کی روٹی کھا سکے ۔
 

Advertisement