کراچی: (دنیا نیوز) سمندر پار پاکستانیوں کے لئے بڑی خبر، اسٹیٹ بینک نے ’روشن اپنا گھر اسکیم‘ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
سمندر پار پاکستانی اب باآسانی پاکستان میں اپنا گھر خرید سکتے ہیں، اسٹیٹ بینک کے جاری اعلامیہ کے مطابق نئی پراڈکٹ ’روشن اپنا گھر اسکیم‘ اِس ہفتے شروع کی جارہی ہے۔ مکان کی خریداری ’روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ‘ کے ذریعے ممکن ہوگی، اس کے علاوہ مکان کی خریداری کے لئے قرض بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
یہ قرضہ روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ طریقوں دونوں میں دستیاب ہوگا، مکان بینک کے منظور شدہ منصوبوں میں ہی خریدا جاسکے گا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جائیداد کی فروخت کی صورت میں، سرمائے کے طور پر لگائی ہوئی اصل رقم کسی اجازت کے بغیر بیرونِ ملک منگوائی جا سکتی ہے۔