ملتان: محکمہ ایکسائز کی غفلت کے باعث کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس کے حصول میں شدید مشکلات

Published On 01 September,2021 10:05 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں محکمہ ایکسائز کی غفلت کے باعث شہریوں کو طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بھی گاڑیوں کی کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس کے حصول میں مشکلات درپیش ہیں۔

ملتان میں گذشتہ کئی ماہ سے 2 لاکھ 3 ہزار نمبر پلیٹس جبکہ 70ہزار 3 سو 12 رجسٹریشن کارڈز تاخیر کا شکار ہیں جن کے حصول کے لیے شہریوں کی اکثریت کا ایکسائز آفس کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئی ہے لیکن اس کے باوجود مسئلے کے حل کے حوالے سے تاحال کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے یہی وجہ ہے شہری فینسی نمبر پلیٹس لگونے پر مجبور ہیں۔

محکمہ ایکسائز کےحکام کا موقف ہے کہ نمبر پلیٹس اور کارڈز کی بروقت ترسیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں جس کے لئے کاوشیں شروع کر دی گئی ہیں۔

کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس اور رجسٹریشن کارڈز کی عدم فراہمی کے باعث ٹریفک وارڈنز کی جانب سے چالان کرنا بھی معمول بن گیا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
 

Advertisement