لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافے نے خواتین کے لیے عدم تحفظ کی فضا پیدا کر دی۔ رواں سال زیادتی کے 370 مقدمات کا اندراج، اخلاقی اقدار کی تنزلی کی طرف سے بھی اشارہ کررہا ہے۔
لاہور جس طرح سے خواتین کے لیے غیرمحفوظ ہوتا جارہا ہے، اُس کا اندازہ اِس سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں سال کے دوران اب تک خواتین کے ساتھ زیادتی کے 370 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ یہ صورت حال خواتین میں عدم تحفظ کی فضا پیدا کرنے کا باعث بن گئی ہے۔
زیادتی کے سب سے زیادہ 97 کیسز صدر ڈویژن میں رپورٹ ہوئے جبکہ کینٹ ڈویژن میں زیادتی کے 80 مقدمات درج کیے گئے۔ اِس تمام صورت حال پر پولیس حکام کی طرف سے قرار دیا گیا ہے کہ خواتین کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے ہرممکن اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
ضروری ہے کہ صورت حال میں بہتری کے لیے پورا معاشرہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرے۔