ملتان: یوٹیلٹی اسٹورز سے آٹا اور گھی کئی روز سے غائب، چینی غیر معیاری

Published On 30 September,2021 09:15 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا اور گھی گزشتہ کئی روز سے دستیاب نہیں جبکہ کسی حدتک دستیاب چینی کا معیار بھی ٹھیک نہیں جس کی خریداری پر ڈھائی سو روپے کی مختلف اشیا خریدنے کی شرط بھی تا حال برقرار ہے۔

ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز پر چھپن اشیائے خورونوش کی ریٹ لسٹ آویزاں کی گئی ہے لیکن پینتیس مختلف اشیا دستیاب نہیں جن میں آٹا اور گھی بھی شامل ہے تاہم کسی حدتک پچاسی روپے کلو کے حساب سے دستیاب باریک چینی کا معیار بھی ٹھیک نہیں اسی لیے شہریوں کی اکثریت عام مارکیٹ سے ہی مہنگی چینی، گھی اور آٹا خریدنے پر مجبور ہو گئی ہے جس کا شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز انچارج کا موقف ہے کہ موجودہ صورتحال میں آٹے اور گھی کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے آٹے کی سپلائی کا مسئلہ درپیش ہے جس کو جلد حل کر لیں گے۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر بیسن، دالیں اور مصالحہ جات تک دستیاب نہیں جس کی وجہ سے یوٹیلٹی اسٹورز ویرانے کا بھی منظر پیش کر رہے ہیں۔
 

Advertisement