لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 30 روپے مہنگا کر دیا گیا جس کے بعد فی کلو قیمت 65روپے تک جا پہنچی۔
محکمہ خوراک اور فلور ملز کے درمیان سرد جنگ غریب پر بھاری پڑ گئی، 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 30روپے مہنگا ہو گیا، آٹے کی فی کلو قیمت 65روپے تک جا پہنچی جبکہ فلور ملز مالکان نے آٹے کی قیمت میں مزید اضافے کا عندیہ دیدیا۔
مارکیٹ میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1230 روپے میں دستیاب ہے، گندم کی سرکاری قیمت 1875 روپے فی من مقرر کی گئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں گندم 2230 روپے فی من میں فروخت ہو رہی ہے۔
اُدھر پنجاب میں ہونے والی خود ساختہ مہنگائی پر رپورٹ وزیر اعظم پاکستان کو پیش کر دی گئی۔ دنیا نیوز رپورٹ کی تفصیلات منظر عام پر لے آیا۔ گزشتہ ایک سال میں 7 اشیا خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا۔
نرخ مقرر کرنے کے باوجود مارکیٹ میں فی کلو چینی کے ریٹ میں 22فیصد اضافہ ہوا۔ 85روپے کلو سے ریٹ بڑھتا بڑھتا 104روپے فی کلو تک جا پہنچا۔ 20کلو آٹے کا تھیلا 25 فیصد مہنگا ہوا، ایک سال قبل ریٹ 860 روپے تھا جو بڑھ کر 1060 روپے ہوگیا۔
مارکیٹ میں گھی کی قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔ ریٹ230روپے سے 284روپے فی کلو تک جا پہنچا۔ چکن 164 روپے کلو سے بڑھ کر 274 روپے کلو ہوا۔ ایک سال میں قیمت 65 اعشاریہ 2 فیصد بڑھی۔
فارمی انڈے 37فیصد تک مہنگے ہوئے ، 118 روپے درجن سے بڑھتے بڑھتے 162 روپے فی درجن ہو گئے۔ پیاز کے ریٹس 22فیصد تک اوپر گئے۔ مسور کی دال 21 فیصد تک مہنگی ہوئی۔