پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں چینی کا بحران پیدا ہونے کے خدشات بڑھ گئے، ڈیلروں کے پاس سٹاک ختم ہو گیا۔ شوگرملز اور ڈیلروں کے درمیان معاملات طے نہ ہونے سے پرچون دکانداروں سمیت شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پشاورمیں چینی کی بڑی مارکیٹ اشرف روڈ اور رام پورہ گیٹ میں چینی ختم ہو گئی، ہول سیل ڈیلر بھی ہاتھ پر ہاتھ رکھ بیٹھ گئے۔ ڈیلروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے چینی کی سرکاری قیمت 89 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ ملز مالکان سو روپے فی کلو سے کم دینے پر تیار نہیں۔
ہول سیل ڈیلروں کیساتھ گوداموں میں سٹاک بھی ختم ہوگیا ہے،چینی کی عدم دستیابی کے باعث سے پرچون دکانداروں سمیت شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
ڈیلروں کے مطابق پشاور میں روزانہ کی بنیاد پر 50 کلو گرام کے آٹھ سے دس ہزار تھیلے فروخت ہوتے ہیں، حکومت اور شوگرملز مالکان کے درمیان مسائل حل نہیں ہوئے تو مزید بحران بڑھ جائے گا۔