کراچی میں آٹا سب سے مہنگا، شہری 1300 روپے میں تھیلا خریدنے لگے

Published On 03 May,2021 04:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے تجارتی حب کراچی میں آٹا سب سے مہنگا ہے، شہر قائد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خرید رہے ہیں اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1300 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق کراچی میں بیس کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1300 روپے ہے، حیدر آباد کے شہری ملک میں دوسرے نمبر پر سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبورہیں۔ حیدرآباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1280 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خضدار میں آٹے کا تھیلا 1270، کوئٹہ میں 1250 روپے اورپشاور، لاڑکانہ میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1160 روپے ہے، فیصل آباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1133 روپے پر پہنچ گئی، بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1106، بنوں میں 1100 روپے، سیالکوٹ,ملتان,سکھر میں آٹے کا تھیلا 1080 روپے کا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق لاہور اورگوجرانوالہ میں آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہو رہا ہے سرگودھا میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1020 روپے تک ہے، اسلام آباد راولپنڈی میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 860 روپے تک ہے۔
 

Advertisement