پشاورمیں آٹے، چینی اور گھی کےبعد برائلر گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور

Published On 07 October,2021 08:38 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں آٹے، چینی اور گھی کے بعد مرغیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئیں، مرغی کی قیمت 261 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، ایک ماہ کے دوران فی کلو قیمت میں ایک سو روپے تک اضافہ ہوا۔

پشاور کی اوپن مارکیٹ میں مرغی کی فی کلو قیمت میں صرف چند ہی روز 30 روپے کا اضافہ ہوگیا، گوشت کی قیمت صرف ایک ماہ کےدوران 80 سے 100 روپے تک بڑھ گئی جس کے بعد فی کلو قیمت 261 روپے تک پہنچ گئی، شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔

دوسری جانب ڈیلروں اوردکانداروں کا کہنا ہےکہ پنجاب سےسپلائی کم ہونے کے باعث نرخ میں اضافہ ہوا ہے، چوزے اور فیڈ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، فیڈ کی فی بوری قیمت پانچ ہزارروپے سے تجاوزکر گئی ہے۔

ڈیلروں کے مطابق خیبرپختونخوا میں چکن فارمنگ میں کمی آنے کے باعث بھی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
 

Advertisement