پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کھیلوں کےفروغ کے لئے خیبرپختونخوا سکول کرکٹ چیمپئن شپ 2021 کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا گیا، صوبہ بھر کے اسکولوں سے 4 ہزار طلبہ پر مشتمل 276 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
خیبرپختونخوا میں سکولوں کے گراؤنڈ پھر سے آباد ہونا شروع ہو گئے۔ صوبائی حکومت نے سکولز کرکٹ چیمپئن شپ کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا، چیمپئن شپ میں 276 ٹیموں کے چار ہزار کھلاڑی حصہ لیں گے، سرکاری سکولوں کی 236 اور پرائیوٹ سکولوں کی 40 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
سکول کرکٹ چیمپئن شپ تین مرحلوں پرمشتمل ہوگی جو ایک مہینے میں اختتام پذیر ہو گی، پہلے مرحلے میں 510 میچز، دوسرے مرحلے میں 50 جبکہ تیسرے مرحلے میں 21 میچزکھیلے جائیں گے۔ ہر میچ 30 اوورز پر مشتمل ہو گا، پہلا میچ اسلامیہ کالجیٹ سکول میں کھیلا جائیگا۔
سکول کرکٹ چیمپئن شپ کا آغاز 7 اکتوبر سے کیا جائے گا، چیمپئن شپ کے اختتام پر بیٹنگ، باولنگ اور کیپنگ کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 20، 20 کھلاڑیوں کو مزید ٹریننگ کے لئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔
سکول کرکٹ چیمپئن شپ پاکستان کرکٹ بورڈ، محکمہ اسپورٹس اور محکمہ تعلیم کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا جائے گا۔