روپیہ مزید گراوٹ کا شکار، ڈالر کی 175 روپے کی حد بھی عبور

Published On 26 October,2021 04:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) روپیہ مسلسل گراوٹ کی طرف جانے لگا، امریکی ڈالر کی 175 روپے کی حد بھی عبور ہو گئی، جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد ایک مرتبہ پھر 163.20 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران بھی امریکی ڈالر مزید 84 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 174 روپے 43 پیسے سے بڑھ کر 175 روپے 27 پیسے ہو گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے نتائج میں تاخیر اور روپے کی قدر میں کمی کی شرائط کی افواہوں پر کرنسی مارکیٹ میں ہلچل ہے اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 175 روپے کی ریکارڈ سطح پر بھی عبور کر گیا ہے۔ جولائی سے اب تک روپے کی قدر 11 فیصد تک گر چکی ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں ٹہراؤ اور آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی منظوری تک روپے پر دباؤ جاری رہ سکتا ہے۔

اُدھر رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر اُتار چڑھاؤ کے بعد 163.20 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45255.97 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.36 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ حصص مارکیٹ میں 6 کروڑ 93 لاکھ 34 ہزار 709 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث تقریباً سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔
 

Advertisement