کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی طرف سے ممکنہ طور پر نیب چیئر مین کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کرنے کا اعلان کر دیا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے چند روز قبل دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت چیئر مین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کر سکتی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پی پی نیب چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کرے گی، قانون میں متعین مدت میں توسیع نہیں ہوسکتی۔
Illegal extension in Chairman NABs tenures would be forcefully opposed by PPP. Law specifies tenure my not be extended. Even attempting an extension, for most controversial chairman in history, would serve to prove our argument that NAB is an extension of IKs govt not impartial.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) September 27, 2021
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کے متنازع ترین چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش منظور نہیں، مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش ہمارے اس بیانیے کو درست ثابت کرے گی، نیب غیرجانبدار ادارے کے بجائے عمران خان حکومت کا آلہ کار ہے۔
خیال رہے کہ ہفتے والے دن جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نیب چیئر مین کی تقرری کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف سے کوئی مشاورت نہیں کی جائے گی کیونکہ وہ نیب کے ملزم ہیں۔