لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے، امریکی کرنسی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو گئی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر غیر یقینی صورتحال کے باعث بدترین مندی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 52 پیسے بڑھ گئی جس کے باعث امریکی کرنسی کی قیمت 169 روپے 08 پیسے سے بڑھ کر 169 روپے 60 پیسے ہو گئی ہے۔
گزشتہ 5 ماہ کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں 11 فیصد اپنی قدر کھو بیٹھا ہے، 5 ماہ کے دوران ڈالر 17 روپے 32 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/DmjpXdRbEw pic.twitter.com/O7qGUnjRlR
— SBP (@StateBank_Pak) September 27, 2021
اُدھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 171 روپے 80 پیسے میں فروخت ہونے لگا۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 255.76 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی اور 44817.76 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.57 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔
کاروبار کے دوران 16 کروڑ 22 لاکھ 8 ہزار 480 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو ایک مرتبہ پھر 40 ارب روپے سے زائدکا نقصان برداشت کرنا پڑا۔