کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 8 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول: شوکت ترین

Published On 08 November,2021 11:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شوکت ترین نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہر سولت کی فراہمی وزیراعظم عمران کا وژن ہے، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 8 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2 لاکھ افراد اہل ثابت ہوئے، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کے بغیر ترقی نہیں کرسکتے، ٹیکس دہندگان کو کوئی ہراساں نہیں کرے گا، لیکن ٹیکس سب کو دینا ہوگا، یہ بھول جائیں کہ ٹیکس نہیں دینا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کے لوگوں کو کاروبار کرنے کیلئے پیسے دیے جائیں گے، آئندہ دو برسوں میں آئی ٹی، درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے پیسے دیئے جائیں گے۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان چوتھی بڑی معاشی طاقت تھے، معاشی طاقت کو واپس لانا ہے اور عالمی اداروں پر انحصار ختم کرنا ہے، اگر ٹیکس نہیں دیں گے تو کیسے ترقی ہو گی ؟ ٹیکس ہر صورت دینا ہوگا، ایف بی آر کی جانب سے ہراسمنٹ کو مکمل ختم کیا جا رہا ہے، لوگوں کی زندگی کی ایف بی آر کو نکال دیا جائے گا، ایف بی آر کی بجائے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، لوگوں کی آمدن سے متعلق تمام معلومات مل چکی ہیں۔
 

Advertisement