اسلام آباد: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
جماعت اسلامی نے پاناما پیپرز کیس میں متفرق درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پینڈورا پیپرز میں جن لوگوں کے نام سامنے آئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، پاناما پیپرز میں شامل افراد کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، ملک کی دولت لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں احتساب کا کوئی نظام نہیں، پاناما پیپرز میں جماعت اسلامی نے سب سے پہلے عدالت سے رجوع کیا، عمران خان نے بھی ہمارے بعد پاناما پیپرز میں عدالت سے رجوع کیا، عمران خان نے صرف ایک شخص نواز شریف کو پاناما لیکس میں ٹارگٹ کیا،جبکہ ہماری درخواست تھی کہ نواز شریف کے علاوہ دیگر لوگوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پینڈورا پیپرز میں بھی بڑے بڑے لوگوں کے نام ہیں، 700 لوگوں کا نام پینڈورا پیپرز میں آیا ہے، 436 پاناما لیکس والے اور 700 پینڈورا پیپرز والے افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔