کراچی:(دنیا نیوز) گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کو مالی شمولیت بڑھانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، ڈیڑھ سال میں 36 ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے ساڑھے 3 ارب ڈالرز پاکستان بھیجے گئے۔
کراچی میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی رقم سرمایہ کاری اور آئی ایم ایف کی معاونت سے بھی زیادہ ہے، آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ سفر کا آغاز ہے، اسے آگے لے کر چلنا ہے۔
رضا باقر نے مزید کہا کہ راست ادائیگیوں کا آسان اور محفوظ طریقہ ہے، جس کے ذریعے 20 سیکنڈ میں ادائیگیوں کا عمل مکمل کیا جاسکتا ہے ، راست ادائیگیوں کا واحد سسٹم ہے جو بالکل مفت ہے جبکہ اس میں کوئی خفیہ چارجز نہیں ہیں، بینک صارفین اس نظام میں خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ لین دین کے لیے بینک اکاونٹ کی ضرورت نہیں، موبائل فون کے ذریعے رقم کی لین دین کی جاسکتی ہے، آسان موبائل اکاؤنٹ ان لوگوں کے لیے ہے جن کے پاس سمارٹ فون نہیں، ٹیکنالوجی کو مالی شمولیت بڑھانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔