ڈیجیٹل بینکنگ کے حوالے سے بڑی خوشخبری سنادی گئی

Published On 06 March,2022 10:10 pm

کراچی:(دنیا نیوز) گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ بینکنگ سیکٹرمیں ٹیکنالوجی لانا چاہتے ہیں، ڈیجیٹل بینکنگ کے بعد لوگوں کو بینک نہیں جانا پڑے گا، بینکنگ سیکٹر میں مسابقت بڑھانا چاہتے، راست اکاؤنٹ کے ذریعے صارفین موبائل فونز پر سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔

کراچی لٹریچر فیسٹیول میں ڈیجیٹل اکانومی، معیشت اور بینکنگ کے نظام کے حوالے سے سیشن منعقد کیا گیا۔

اس سیشن میں خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کروایا گیا ہے، فون کے ذریعے بھی اکاؤنٹ کھولا جا سکتا ہے۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ پانچ ڈیجیٹل بینکوں کو جلد لائسنس جاری کئے جائیں گے، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں جس کا فائدہ عام آدمی کو بھی ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت ٹھیک سمت میں جارہی ہے، کورونا کی وجہ سے مسائل تھے جو اب نہیں ہیں، ہمیں کرپٹو قوانین میں مزید تبدیلی کرنی ہوگی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کرنے ہونگے۔
 

Advertisement