کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں بیرونی سرمایہ کاری پونے 3 گنا بڑھ گئی، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مجموعی سرمایہ کاری 1 ارب 81 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق عالمی انویسٹرز نے 1 ارب 16 کروڑ ڈالر براہ راست مختلف کاروباری منصوبوں میں لگائے، حکومت کی جانب سے جاری غیر ملکی بانڈز میں عالمی انویسٹرز نے 96 کروڑ ڈالر لگائے ہوئے ہیں۔ رواں مالی سال بیرونی انویسٹرز نے جولائی تا جنوری 2022 کے دوران سٹاک مارکیٹ سے 30 کروڑ ڈالر کا سرمایہ نکال بھی لیا ہے۔
گزشتہ مالی سال مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 7 ماہ کے دوران 66 کروڑ ڈالر تھا، ماہرین کا کہنا ہے کہ کاروبار میں آسانی اور معیشت کا دستاویزی عمل تیز کرنے کے ساتھ اگر حکومت انفراسٹرکچر بہتر کرے تو مجموعی سرمایہ کاری کئی گنا بڑھ سکتی ہے ۔