مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں رمضان کی آمد سے قبل گراں فروشوں نے آستینیں چڑھا لیں، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ایک طرف تو پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے حکام اس صورت حال پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے دیگر شہروں کے بازار ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی لہر کی زد میں ہیں تو خریداروں کے لئے سستی اور معیاری اشیائے خورونوش، سبزی، پھل اور دودھ کی خریداری کرنا محال ہوچکا ہے۔
مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہری حکام کی غفلت اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کمزور گرفت پر بھی نوحہ کناں ہیں۔ انتظامی اداروں کی جانب سے جاری کردہ نرخ ناموں کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے جس کے سبب بازاروں میں جاری خرید و فروخت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔