مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں ٹمبرمافیا کو روکنے والا کوئی نہ رہا، قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی مسلسل جاری ہے، جنگلات کا چالیس فیصد رقبہ سکڑ کرچودہ فیصد رہ گیا۔
آزادکشمیر میں ہرے بھرے درختوں کی کٹائی کا سلسلہ نہ تھم سکا، متعلقہ محکموں میں موجود افسران، ملازمین اور دیگر عملے کی فوج ظفر موج کی غفلت مافیا کو سائبان فراہم کررہی ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلات کے لئے موجود ریاستی قوانین کی آڑ میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی معمول بن چکی ہے۔ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ ساتھ جنگلات دشمن منظم مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
کمزور حکومتی گرفت کے باعث حالیہ سالوں میں ہونے والی درختوں کی بے دریغ کٹائی کے سبب چار دہائیوں قبل 40 فیصدی رقبے پر پھیلے جنگلات سکڑ کر 14 فیصد رہ گئے ہیں۔