نئی پاکستانی حکومت کیساتھ بات چیت کے بعد پروگرام تشکیل دیں گے:آئی ایم ایف

Published On 04 April,2022 07:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ بات چیت کے بعد پروگرام تشکیل دیں گے۔

آئی ایم ایف کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ پالیسی مرتب کریں گے، پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام معطل نہیں، نئی حکومت کے ساتھ مائیکرو اکنامک پالیسیز مرتب کریں گے، پاکستان کے لیے سپورٹ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئی حکومت کی ترجیحات اور اصلاحات کے مطابق تعاون کریں گے، نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کے بعد پروگرام تشکیل دیں گے۔

واضح رہے کہ جولائی 2019 میں آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے قرضے کی منظوری دی تھی۔ اس قرضے کی میعاد 3 سال تھی اور قرضہ منظور ہوتے ہی پاکستان کو ایک ارب ڈالر جاری کر دیے گئے تھے۔

عالمی مالیاتی ادارے نے فروری کو چھٹے جائزے کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرضہ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ پاکستان 6ارب ڈالر قرض میں سےاب تک 3 ارب ڈالر حاصل کر سکا ہے۔

 

Advertisement