عاصم احمد ایف بی آر کے نئے چیئرمین تعینات: اعلامیہ جاری

Published On 27 April,2022 02:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عاصم احمد کو ایف بی آر کا نیا چیئرمین تعینات کر دیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عاصم احمد بطور چیئرمین ایف بی آر آج سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ادھر وفاقی حکومت نے بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تبادلے اور تقرریاں کر دی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 22 کے آصف حیدر شاہ کو سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی تعینات کر دیا گیا ہے، وہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں اپنی تقرری کے منتظر تھے۔ وزارت تعلیم و تربیت میں تعینات ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین وانی چیف سیکرٹری گللگت بلتستان لگا دیا گیا ہے۔

ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم آفس میں تعینات ایڈیشنل سیکرٹری عثمان باجوہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور سارہ سعید وزیر اعظم آفس میں ایڈیشنل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے، وہ وزارت خزانہ میں ایڈیشنل سیکرٹری تعینات تھیں۔ حکومت نے محسن مشتاق کو ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت آئی ٹی تعینات کر دیا ہے۔ گریڈ 21 کے محسن مشتاق ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت بین الصوبائی رابطہ تعینات تھے۔

سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ محمد علی شہزادہ کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ڈاکٹر فخر عالم عرفان ایڈیشنل سیکرٹری انچارج تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔