کراچی: (دنیا نیوز) انٹربینک میں ڈالر ریٹ 191 روپے 75 پیسے پر پہنچنے کے سبب ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ڈالر 98 پیسے مہنگا ہو گیا اور انٹربینک مارکیٹ میں 191 کے ریٹ پر فروخت ہوا، بعد ازاں 75 پیسے مزید اضافے سے 191 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے اضافے سے 192 روپے 50 پیسے پر فروخت ہوتا رہا۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں 412 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 42 ہزار 412 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ واضح رہے کہ چند روز سے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، گذشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 190 روپے 2 پیسے کے ریٹ پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر اڑھائی روپے مہنگا ہوا جس کے بعد 192 روپے پر ٹریڈ ہوا۔
قبل ازیں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 13 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ رواں مالی سال ڈالر کی قیمت میں 33 روپے سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 4 ہزار ارب روپے سے زائد کا بوجھ بڑھا ہے۔