کراچی:(دنیا نیوز) سی این جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور عدم دستیابی پر سی این جی ایسوسی ایشن نے غیر معینہ مدت تک کے لیے اسٹیشنز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرس میں سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ انکو مجموعی گیس میں سے صرف اعشاریہ 5 فی صد دی جارہی تھی جس کی قیمت میں 3 سو روپے فی کلو پر پہنچا دی گئی ہے، ملک بالخصوص سندھ میں سی این جی سیکٹر کو سازش کے تحت تباہ کیا گیا ہے۔
سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ فرٹیلائزر، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں کی طرح انکے سیکٹر کو بھی رعایتی نرخ پر گیس دی جائے تو ملکی معیشت کو خاطر خواہ فائندہ پہنچ سکتا ہے۔
نمائندوں کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایس ایس جی سے کے لائن لاسز 18 فی صد اور ایس این جی پی ایل کے 8 فی صد ہیں جو کہ دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، ان اداروں کی نااہلی کی سزا بھی انکے شعبے اور عوام کو اٹھانا پڑ رہی ہے۔