ڈیزل بحران، اوگرا کا چاروں صوبوں کو خط، دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت

Published On 25 April,2022 11:04 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک میں ڈیزل کی قلت کی خبروں کے بعد ادارے بھی حرکت میں آگئے، اوگرا نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی اور صورتحال کی مانیٹرنگ کے لیے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو خطوط ارسال کر دیئے، پٹرول پمپس پر دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ذمہ داران کے خلاف فوری ایکشن کا حکم دے دیا۔

ملک میں ڈیزل کی قلت اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے حوالے سے اوگرا نے چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز کو خطوط لکھ دیئے ہیں۔

اوگرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ڈیزل کی قلت کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز پیٹرول پمپس پر ڈیزل کی دستیابی یقینی بنائیں۔

چیف سیکرٹریز سے کہا گیا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے ایریا میں پٹرول پمپس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی ذخیرہ اندوزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف فوری ایکشن لیں۔

اوگرا کی جانب سے تیل کمپنیوں کو اپنے آؤٹ لیٹس پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
 

Advertisement