نواب شاہ:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج آپ لوگ کٹھ پتلی کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، ایک دن کی محنت کے نتیجے میں پیٹرول 10 روپے کم ہو گیا، آپ کو دیکھ کر وزیر اعظم گھبرا گیا، ابھی اسلام آباد نہیں پہنچے ہیں انکی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، پٹرول کی قیمتوں میں 12 روپے کا اضافہ کرکے اب 10 روپے کم کرکے بتانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ہمارا وزیر اعظم جھوٹا ہے اس لئے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔
لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری دورمیں سلالہ واقعہ پرامریکا نے معافی مانگی تھی، زرداری کی وجہ سے ہیلری کلنٹن نے معافی مانگی، تمہاری کیا فارن پالیسی ہے؟ تم خود مانتے ہو تمہاری فارن پالیسی ناکام ہے، وزیراعظم ٹی وی پر آکر کریڈٹ لینے کی کوشش کررہا ہے، احساس، احساس کہتا ہے اس کو کوئی احساس نہیں ہے، یہ احساس نہیں بلکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے، پولیو کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہا ہے، وہ بھی بے نظیر کا پروگرام ہے، اگر تم نے کچھ کیا ہے توغریب آدمی سے ظلم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوابشاہ آتے ہیں تو فخر محسوس کرتے ہیں، یہ ضلع شہیدوں اور غازیوں کا ضلع ہے، اسلام آباد پہنچیں گے اور اس کٹھ پتلی کا مقابلہ کریں گے، جب تک اسلام آباد پہنچیں گے اس کو گھر بھیجیں گے۔
سلیکٹڈ وزیراعظم مستعفی ہوجائیں ورنہ خود نکال دیں گے
قبل ازیں حیدرآباد میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عمران خان ہمت کریں اور نئے الیکشن کا اعلان کریں، جیالے انتخابات کیلئے تیارہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم مستعفی ہوجائیں ورنہ خود نکال دیں گے، عدم اعتماد لے کر اسلام آباد آ رہے ہیں، اب ہی ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، شہر اقتدار پہنچیں گے تو کیا حال ہوگا۔
لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام الیکشن میں سلیکٹڈ کو رد کریں گے، خود اسمبلی توڑ دو اور مستعفی ہوجاؤ، جیالے لانگ مارچ اورعدم اعتماد لاکر تمہیں گھر بھیجیں گے، آج دوسرا دن ہے اور بنی گالہ کی چیخیں نکل رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان نے چینی، آٹا چوری کیا ہے، آصف زرداری نے آئین کو بحال اور 18 ویں ترامیم دیں، آپ کے صوبے پختونخوا کو آصف زرداری نے شناخت دی، ایران گیس پائپ لائن زرداری نے دی اور تم مکمل نہیں کرسکے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دلوایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یہ تماشے نہیں چلیں گے، حساب دینا ہوگا، بزدل وزیراعظم اتنا پریشان ہوگیا ہے، پہلے میڈیا پر نہ بولنے کی پابندی لگا رہا تھا، کہتا ہے جو وزیراعظم کے خلاف بولے پانچ سال جیل جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے سلیکٹڈ سے حساب لینے میدان میں نکلے ہیں، عوامی مارچ میں جیالوں کا جوش و جذبہ دیکھ کرکٹھ پتلی نے گھبرانا شروع کردیا ہے، کٹھ پتلی نے اپنے کچھ وزیرسندھ بھیجے ہیں، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترامیم، پانی پر ڈاکہ تو اس نے مارا ہے، تم نے چاروں صوبوں کے ساتھ نا انصافی کی ہے۔
عوام کو حقوق دلوانے کیلئے نکلے ہیں، جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی
اس سے قبل بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے سلیکٹڈ کو بھگانا اور پاکستان کو بچانا ہے، پیپلزپارٹی نے ہر دور کے آمر کا ڈٹ کا مقابلہ کیا، عوام کو حقوق دلوانے کیلئے نکلے ہیں، جیالوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹنڈو محمد خان میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں گھبرانا نہیں، مہنگائی، بیروزگاری، غربت بڑھ گئی، تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تو وزیراعظم نے گھبرانا شروع کر دیا، انہوں نے وزرا سندھ بھیج دئیے، سیاسی یتیم پوچھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے کیا کیا، عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو بھگائیں گے۔
ادھر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پورے ملک کے عوام کی آواز ہے، بلاول بھٹو مہنگائی، بے روزگاری اور کرپٹ حکومت کیخلاف نکلے ہیں، وفاق مسلسل صوبوں کی حق تلفی کر رہا ہے، سلیکٹڈ حکومت سے جان چھڑانا پورے ملک کی آواز ہے، لانگ مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہیں، بلاول بھٹو اس بے حس حکومت کو نیند سے جگائیں گے، لانگ مارچ کے شرکا 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت بدزبانی چھوڑ کر عوام کا سوچے، پی ٹی آئی رہنما پکنک پر سندھ میں نکلے ہیں، تحریک انصاف کے مارچ میں خالی کرسیاں ہیں، حکومت کو آئینی طریقے سے گھر بھیجیں گے، وزیراعظم قوم سے خطاب میں یہی کہیں گے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔