ملک میں17 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں

Published On 27 May,2022 07:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد 17 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار کے مطابق نئی حکومت بھی مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف نہ دے سکی، سبزیاں، دالیں، دودھ مزید مہنگا ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے آلو 3 روپے 15 پیسے، ٹماٹر 4 روپے 48 پیسے، پیاز 2 روپے 29 پیسے، تازہ دودھ 4 روپے 17 پیسے لٹر، دہی 3 روپے 26 پیسے کلو اور انڈوں کی قیمت میں 9 روپے 71 پیسے درجن اصافہ ہوا، دال چنا بھی 4 روپے 54 پیسے جبکہ دال ماش 3 روپے 77 فی کلو مزید مہنگی ہوئی۔

حالیہ ہفتے چینی سمیت 5 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چینی 77 پیسے کلو، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 10 روپے 62 پیسے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 174 روپے سستا ہو کر 1250 روپے کا ہوگیا، چکن 15 روپے اور لہسن 9 روپے فی کلو سستا ہوا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
 

Advertisement