بجلی اور پٹرول کے بعد گیس کی قیمتوں میں بھی 45 فیصد تک اضافہ

Published On 04 June,2022 08:48 am

اسلام آباد : (دنیا نیوز) بجلی اور پٹرول مہنگا ہونے کے بعد اوگرا نے جولائی سے سوئی ناردرن کیلئے نرخوں میں 45 اور سوئی سدرن کیلئے 44 فیصد اضافے کی منظور ی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس 45 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی، اوگرا نے اضافے کی منظوری آئندہ مالی سال 2022-23 کے لیےدی ہے، قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔

سوئی ناردرن کیلئے گیس 266 روپے 58 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن کیلئے گیس 308 روپے 53 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اوگرا نے فیصلے میں 265 ارب سے زائد کا بقایا شارٹ فال کا فیصلہ بھی وفاقی حکومت پر چھوڑ دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

دوسری جانب بجلی کے بعد پنجاب میں گیس بحران بھی شدت اختیار کر گیا، ترجمان سوئی نادرن کے مطابق پنجاب کی ٹیکسٹائل ملز کو گیس کی فراہمی بند ہے جس کی وجہ سے ملز کو بھی بند کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایل این جی سسٹم میں بروقت شامل نہ کرنے پر گیس کی قلت ہوئی ہے، ترجمان اپٹما کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹ استعمال کرنے والی ٹیکسٹائل ملز کی گیس بند کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ایل این جی جہاز لنگر انداز ہونے کے بعد گیس کی قلت ختم ہوجائے گی۔
 

Advertisement